ن لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں جماعتوں نے شمولیت کی دعوت دی تھی، عمران خان
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو کرکٹ کا شوق تھا تاہم وہ حادثاتی طور پر وزیراعظم بن گئے، سیاسی کیریئر کے آغاز پر (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں نے شمولیت کی دعوت دی لیکن میں ان کی کرپشن سے واقف تھا اسی لیے الگ جماعت بنائی۔یہ بات انہوں نے صحافی اکرام سہگل کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سیاست میں آنے سے پہلے ملکی سیاسی نظام سے متعلق نہیں جانتا تھا صرف نصابی کتب میں پولیٹیکل سائنس پڑھی تھی، لوگوں کو سوئمنگ کرتا دیکھ کر سمندر میں چھلانگ لگائی اور سیاست بھی سوئمنگ کی طرح سیکھی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کرکٹ کا شوق تھا تاہم وہ حادثاتی طور پر وزیراعظم بن گئے، سیاسی کیرئیر کے آغاز میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی دونوں جماعتوں نے شمولیت کی دعوت دی تھی کیوں کہ دونوں جماعتوں میں دوست موجود تھے لیکن میں ان کی جماعتوں میں شامل نہیں ہوا، میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپشن کے بارے میں جانتا تھا اس لیے اپنی الگ پارٹی بنائی اور دونوں جماعتوں کو کرپشن کو چیلنج کیا۔