کراچی:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر کچھ کم ہونا شروع ہوگئی ہے، کراچی میں 21 فیصد کیسز ہیں جن میں 3 فیصد کمی آئی ہے۔  سی ایم ہاؤس کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی میزبانی میں این سی او سی کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر اسدعمر، لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان، سی پیک اسپیشل اسسٹنٹ خالد منصور، میجر جنرل محمود، ڈاکٹر فیصل، ڈاکٹر سارا خان، پروفیسر سعید قریشی اور وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ صوبائی وزراء ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سید ناصر شاہ، سید سردار شاہ، مرتضیٰ وہاب، سیکریٹری صحت ڈاکٹرکاظم جتوئی، قاسم سومرو، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، آئی جی سندھ مشتاق مہر، اور وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو  نے شرکت کی۔اجلاس کو ملک میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی، اور بتایا گیا کہ آذاد جموں و کشمیر میں کورونا کیسز عروج پر ہیں، جہاں 26 فیصد کیسز ہیں، سندھ میں 13 فیصد، خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں کیسز سست رفتاری سے بڑھ رہے ہیں۔