نیویارک: اگر آپ بھوک محسوس کررہے ہیں ، گھر کا کھانا پسند کرتے ہیں لیکن پکانے کا دل نہیں کررہا تو اولیور گھریلو روبوٹ آپ کے لیے ہی ہے۔ لیکن یہ باقاعدہ ہاتھ اور پاؤں والا کوئی روبوٹ نہیں بلکہ ایک اسمارٹ آلہ ہے جو تین آسان مراحل میں کام کرتا ہے، اول کھانے کی ترکیب منتخب کریں، دوم، اجزا ایک جگہ رکھیں، سوم ، چھوٹے مرتبان اجزا سے بھریں اور بٹن دبادیں۔اس طرح اولیور ریسیپی کو دیکھتے ہوئے بقکہ کام ازخود کرلے گا۔ اس میں ایک ذہین باورچی چھپا ہے جو مزیدار کھانے، سالن، سوپ، چاول، پاستا، فجیتا اور دیگر بے شمار اقسام کے کھانے تیار کرسکتا ہے۔ اس کے اوپر رکھے برتنوں سے وقفے وقفے سے اجزا نکل کر شامل ہوتے رہتے ہیں اور اندر موجود روبوٹک چمچہ کھانے کو اپنے انداز سے تیار کرتا رہتا ہے۔